ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین شدید بیمار، اسپتال میں داخل

   

لندن، 11 جولائی (یو این آئی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین شدید علیل اور لندن کے اسپتال میں داخل ہیں، جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ۔واضح رہے کہ الطاف حسین ایم کیو ایم کے بانی ہیں، جسے پہلے مہاجر قومی موومنٹ کے نام سے جانا جاتا تھا، انہوں نے اردو بولنے والوں کی نمائندگی کیلئے ایک سیاسی جماعت کا آغاز کیا، الطاف حسین اس وقت لندن میں مقیم ہیں، جہاں وہ 1992 سے خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں، بعد ازاں انہیں برطانوی شہریت مل گئی تھی، لندن سے الطاف حسین نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا، وہ باقاعدگی سے کراچی میں اپنے کارکنان سے خطاب کرتے تھے ۔لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ‘ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کو شدید علالت کے باعث لندن کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کے مختلف ٹسٹ کیے گئے ہیں۔ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی طبیعت گزشتہ رات بگڑی اور ڈاکٹر کے معائنے اور سفارش پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، ڈاکٹروں نے مختلف ٹسٹ کروائے ۔