ایم کے اسٹالن کی چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت سے آج حلف برداری

   

چینائی: ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد کو اکثریت مل جانے کے بعد ایم کے اسٹالن نے آج کابینہ کے 34 وزراء کی فہرست جاری کردی۔ کل جمعہ کو ایم کے اسٹالن ریاست کے وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ گورنر بنواری لال پروہت نے چہارشنبہ کو ایم کے اسٹالن کوتشکیل حکومت کی دعوت دی۔ حلف برداری 7 مئی کو صبح 9 بجے راج بھون کامپلکس میں ہوگی۔ایم کے اسٹالن کچھ اہم وزارتیں اپنے پاس رکھیں گے، جن میں عوامی، عمومی انتظامیہ، ہندوستانی انتظامی خدمات، ہندوستانی پولیس خدمات اور محکمہ داخلہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ دورامورگان کو آبی وسائل وزیر، کے این نہرو کو بلدیہ انتظامیہ ، کے پونمودی کو وزیر تعلیم، ای وی ویلو کو محکمہ برائے تعمیرات، ایم آر کے پنیرسلیوم کو وزارت زراعت اور کسانوں کی بہبود کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ایم اے سبرامنیم کو وزارت صحت، میڈیکل ایجوکیشن اور فیملی ویلفیئر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق ایس آر راج کنپن کو وزیر ٹرانسپورٹ، کے رام چندرن کو وزیر جنگلات، آر ساکرپانی کو وزیر خوراک، ایس ایس ریگپتی کو وزیر قانون بنایا گیا ہے۔ ایم کے اسٹالن کے ذریعہ جاری کردہ اس فہرست میں 34 کابینہ کے وزرا کے نام اور قلمدان دئے گئے ہیں۔