مہنگائی پر اپوزیشن کو سخت تشویش، حکومت کے تیقنات ناکافی
نئی دہلی: پارلیمنٹ میں منگل کو راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں ایوان کی کارروائی کو ایندھن کی بڑھتی قیمتوں پر اپوزیشن کی جانب سے زبردست احتجاج کے درمیان کل چہارشنبہ تک ملتوی کردینا پڑا۔ اپوزیشن نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے سبب مہنگائی کو تشویشناک قرار دیا اور حکومت سے اس مسئلہ پر جامع مباحث کا مطالبہ کیا۔ دونوں ایوان میں مرکزی وزراء نے اپوزیشن کو مختلف تیقنات کے ذریعہ مطمئن کرنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا جس کے نتیجہ میں پارلیمانی کارروائی کو دن بھر کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔ لوک سبھا کی کارروائی اپوزیشن پارٹیوں کے شدید ہنگامے کی وجہ سے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن بھی نہیں چلی ۔پریزائڈنگ افسر راجیندر اگروال نے دو بار ملتوی کرنے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن کے اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر کے قریب پہنچ گئے اور زور زور سے نعرے بلند کرنے لگے۔ اگروال نے انہیں کہا کہ جن مسئلوں پر اپوزیشن بحث کا مطالبہ کررہی ہے ان کے سبھی مطالبات پر حکومت غور کرنے کے لئے تیار ہے اور اراکین اپنی نشستوں پر چلے جائیں لیکن اراکین نے ان کی بات ا ن سنی کردی اور ہنگامہ کرتے رہے جس پر ایوان کی کارروائی کودن بھر کے لئے ملتوی کردیا گیا۔راجیہ سبھا میں روی شنکر پرساد اور نریندر سنگھ تومر بعض بل پیش کرنے والے تھے جو اپوزیشن کے احتجاج کے سبب ممکن نہ ہوئے۔