اینٹی وائرل انجکشن کی بلیک مارکیٹنگ، تین افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔ اینٹی وائرل انجکشن کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والے تین افراد کو میڑپلی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا جو ریمیڈیسیور اور کویفر کی بلیک مارکیٹنگ کرتے ہوئے ان ادویات کو زائد قیمتوں میں فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد 40 سالہ بی راجندر ساکن وارثی گوڑہ ،31 سالہ کے کارتک ساکن پیرزادی گوڑہ اور 41 سالہ اے سرینیا ساکن بوڑ اپل کو گرفتار کرلیا۔ میڑپلی پولیس نے خفیہ اطلاع کے فوری بعد ڈرگ انسپکٹر سے رابطہ کیا اور ڈرگ انسپکٹر کے ساتھ مشترکہ کارروائی انجام دی۔ پولیس کے مطابق راجندر پیشہ سے لیاب ٹیکنیشن ہے اور اس کی جان پہچان اور دوستی چند میڈیکل ریپریزنٹیٹوز سے بتائی جاتی ہے۔ اس نے اس دوستی اور جان پہچان کی آڑ میں بلیک مارکیٹنگ شروع کردی۔ ٹولی کا دوسرا فرد کارتک جو میڈیکل دوکانات کو ماسک کی سربراہی کرتا تھا اس دوران تیسرا شخص سرینیا جو میڈیکل شاپ چلاتا ہے اس نے کارتک اور دوسرے کے رابطہ میں آنے کے بعد ضرورت مندوں کا استحصال شروع کردیا۔ یہ لوگ فی انجکشن 25 ہزار روپئے میں فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ریمیڈیسیور کے تین ڈوز، موٹر سائیکل، سیل فون اور نقد رقم کو ضبط کرلیا۔