سری نگر۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے علاحدگی پسند تنظیم دختران ملت کی محروس سربراہ آسیہ اندرابی کے سری نگر کے صورہ علاقے میں واقع مکان کو قرق کردیا ہے ۔ بتادیں کہ این آئی اے نے آسیہ اندرابی کو مبینہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں 16 جولائی سال 2018 کو گرفتار کیا تھا۔آسیہ انداربی کے صورہ علاقے میں مکان کے باب الداخلہ پر این آئی اے اہلکاروں نے چہارشنبہ کے روز ایک نوٹس چسپاں کیا۔ نوٹس میں متعلقین کو ہدایت دی گئی کہ وہ پیش گی اجازت کے بغیر مذکورہ جائیداد کو منتقل یا فروخت کرنے سے احتراز کریں۔این آئی اے کے چیف تحقیقاتی افسر وکاس کٹھاریہ کی طرف سے جاری اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر کے پولیس سربراہ کی اجازت حاصل کرنے کے بعد اس جائیداد کو اٹیچ کیا گیا ہے ۔نوٹس میں کہا گیا کہ دختران ملت کے گھر کو جنگجویانہ سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ آسیہ انداربی قریب ایک سال سے دلی کے تہاڑ جیل میں مقید ہیں اور ان پر تشدد کو ہوا دینے اور منافرت انگیز تقاریر کرنے کے الزامات عائد ہیں۔