سرینگر: این آئی اے نے تمام سیاحوں اور مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جن کے پاس پہلگام دہشت گردانہ حملے سے متعلق مزید معلومات، تصاویر یا ویڈیو ہوں، وہ فوری طور پر ایجنسی کے ساتھ رابطہ کریں۔ایجنسی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایجنسی نے پہلے ہی حملے کے مختلف پہلوؤں کو ظاہر کرنے والی بڑی تعداد میں تصاویر اور ویڈیوز اپنے قبضے میں لے لی ہیں اور ان کی جانچ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا: ‘ایجنسی نے اب اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ انسانیت کے خلاف اس ہولناک جرم کی تحقیقات میں کوئی مفید معلومات یا ثبوت ضائع نہ ہوں’۔آج اپنی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعہ جاری کردہ ایک اپیل میں این آئی اے نے ایسے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایجنسی کو موبائل نمبر 9654958816 اور/یا لینڈ لائن نمبر – 01124368800 پر کال کریں اور اپنی ذاتی تفصیلات فراہم کریں اور اس قسم کی معلومات یا ان پٹ کی تفصیلات بھی بتائیں جو وہ شیئر کرنا چاہتے ہیں۔