این آر آئیز کو ہمارا گاؤں ہمارا اسکول پروگرام کا حصہ بننے کی اپیل

   

نیوجرسی میں میٹ اینڈ گریٹ پروگرام ،وزیر کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی و صنعت تلنگانہ کے ٹی آر نے اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر نیوجرسی کے ایڈیشن ٹاؤن میں منعقدہ این آر آئیز کے میٹ اینڈ گریٹ پروگرام میں حصہ لیا اور ہمارا گاؤں ہمارا اسکول این آر آئی پورٹل کی رسم اجرائی انجام دی۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد وہ امریکہ کے دورہ پر آئے تھے۔ تب انہوں نے ریاست کی تشکیل اور اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی تھی۔ انہیں این آر آئیز کو یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہیکہ تلنگانہ نے ان 7 سال کے دوران مثالی ترقی کی ہے۔ جی ڈی پی کے معاملے میں ملک کی بڑی ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ریاست کے تمام شعبوں کی کارکردگی ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ کئی مثالی فلاحی اسکیمات روشناس کرائی گئی ہیں جس کی مرکزی و ریاستی حکومتیں تقلید کررہی ہیں۔ غریب طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور سرکاری اسکولس میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے ’’ہمارا گاؤں۔ ہمارا اسکول‘‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ 26 ہزار سرکاری اسکولس کو کارپوریٹ طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اس کیلئے حکومت نے 7,300 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ وہ این آر آئیز سے اپیل کرتے ہیں جن اسکولس میں آپ نے تعلیم حاصل کی ہے ان اسکولس کو ترقی دینے میں تعاون کریں۔ انہیں این آر آئیز سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں اس اچھے کام کیلئے ان کا بھرپور تعاون و اشتراک حاصل ہوگا۔ن