حیدرآباد ۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے حصول روزگار کیلئے دیگر ممالک میں مقیم تلنگانہ کے افراد کے مفادات کا تحفظ کرنے کے مقصد سے ایک این آر آئی پالیسی بنانے کا عمل شروع کیا ہے۔ چنانچہ ریاست کے چیف سکریٹری سومیش کمار، خصوصی مشیر راجیو شرما اور سی ایم او میں اسپیشل چیف سکریٹری نرسنگ راؤ منگل کو کیرالا کیلئے روانہ ہوئے تاکہ اس ساحلی ریاست کی این آر آئی پالیسی کا جائزہ لیا جائے۔ یہ سرکاری ٹیم نے نان ۔ ریسیڈنٹ کیر لائیٹس افیرس ڈپارٹمنٹ (NORKA) کے سکریٹری یلانگوان اور NORKA روٹس آرگنائزیشن کے سی ای او ہری کرشنا نمبودری کے ساتھ پہلے دور کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا۔ اس ٹیم نے مختلف ممالک میں مقیم کیرالا کے افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور اس سلسلہ میں اپنائی جارہی پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ دورہ کنندہ ٹیم نے اس سلسلہ میں کئی پالیسی پیپرس کی بھی اسٹڈی کی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے روزگار کی تلاش میں مختلف ممالک کو نقل مقام کرنے والے ریاست تلنگانہ کے ان لوگوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ان ممالک میں کئی ایک مسائل کا سامنا ہے۔ ان کی مدد کیلئے چیف منسٹر ایک جامع این آر آئی پالیسی بنانا چاہتے ہیں۔ مذکورہ عہدیداروں کی ٹیم توقع ہیکہ اس سلسلہ میں ایک جامع رپورٹ تیار کرکے عنقریب اسے چیف منسٹر کو پیش کرے گی تاکہ این آر آئی پالیسی کو قطعیت دی جائے۔