این آر سی ، این پی آر اور سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرار داد کیلئے تمام جماعتوں کا اتفاق

   

Ferty9 Clinic

بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ، وزیر اسمبلی امور پرشانت ریڈی کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : وزیر اسمبلی امور تلنگانہ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ اسمبلی میں این آر سی ۔ این پی آر اور سی اے اے کے خلاف قرار دادیں منظور کرنے سے تمام جماعتوں نے اتفاق کیا ہے ۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعد پرشانت ریڈی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاہ قوانین سے ملک اور ریاست کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ شہریت ترمیمی قانون کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کا موقف واضح ہے ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ٹی آر ایس نے اس قانون کی مخالفت کی ہے اور تلنگانہ کابینہ میں بھی اس قانون کے خلاف قرار داد منظور کی گئی ہے ۔ اسمبلی بجٹ سیشن کا ایجنڈہ طئے کرنے کے لیے طلب کردہ اجلاس میں تمام جماعتوں نے سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مباحث کرنے اور ان کے خلاف قرار دادیں منظور کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ 8 مارچ کو اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا ۔ ہفتہ کو گورنر کے خطبہ پر اظہار تشکر بجٹ کا آغاز ہوگا ۔ پیر اور منگل کو ہولی تہوار کی تعطیل رہے گی ۔ 13 ، 14 ، 16 ، 17 ، 18 ، 19 کو اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا ۔ 20 مارچ کو چیف منسٹر کے سی آر کا ردعمل رہے گا ۔ مجلس کے قائد اکبر الدین اویسی اور کانگریس کے فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارک نے مختصر مباحثہ کا اہتمام کرنے کا مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ مختصر مباحث کے لیے وصول ہونے تجاویز پر 20 مارچ کے بعد ایک اور بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ جس کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ وزیر اسمبلی امور نے بتایا کہ 13 اور 14 مارچ کو مختصر مباحث ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 دن اسمبلی اور 8 دن کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ اسمبلی میں سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مباحث کرنے کے بعد قرار دادیں منظور کی جائیں گی ۔۔