این آر سی ، این پی آر کے خلاف اسمبلی میں قرار داد کے لیے حکومت پر دباؤ کا فیصلہ

   

مخدوم بھون میں کل جماعتی اجلاس ، قرار داد کی منظوری ، جناب ظہیر الدین علی خاں و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںایک کل جماعتی اجلاس منعقدہوا جس میںکانگریس پارٹی کو چھوڑ کر اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں اور سماجی جہدکاروں نے حصہ لیا۔ جسٹس چندرا کمار کی قیادت میںمنعقدہ اجلاس میںظہیر جناب الدین علی خان کے علاوہ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈرام‘ پروفیسر پی ایل ویشوار رائو‘ سی پی آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ سی پی آئی ایم ریاستی جنرل سکریٹری ٹی ویرا بھدرم‘ قومی صدر تنظیم انصاف سیدعزیز پاشاہ‘نائب صدر کل ہند مجلس انقلاب ملت مولانا حامد حسین شطاری کے علاوہ سی پی ائی ایم ایل نیو ڈیموکریسی اور دیگربائیں بازو جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی ۔اس موقع پر منظورہ قرارداد میںدستور ہند کے معمار ڈاکٹر بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکر کی یوم پیدائش کے موقع پر 14اپریل کے روز ’’ائین بچائو‘‘ کے عنوان پر کل جماعتی جلسہ عام منعقد کرنے کو قطعیت دی گئی ۔ اس کے علاوہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے سیاہ قوانین سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف متحدجدوجہد‘ عوام تک رسائی اور زمینی سطح پر مذکورہ قوانین کے خلاف شعور بیداری کے لئے مہم کا بھی اعلان کیاگیا ہے۔ قرارداد میں اس بات پر بھی زوردیا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر ایوان اسمبلی میںسی اے اے‘ امکانی این آرسی او رمجوزہ این پی آر کے خلاف معلنہ قرارداد کی عاجلانہ پیشکشی کے لئے تلنگانہ حکومت پر دبائو کی حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے۔ اور اس کام کے لئے پیر کے روز ایوان اسمبلی کے اسپیکر‘ اور منگل کے روز چیرمن تلنگانہ قانون ساز کونسل سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک تحریری یادواشت پیش کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیاہے۔اجلاس میںموجود تمام سیاسی جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں نے قرارداد کی حمایت کی ۔