این آر سی اور سی اے اے کی سخت مذمت

   

مٹِ پلی میں عنقریب احتجاجی ریالی‘ سابق رکن اسمبلی کے راملو کی مسلم قائدین سے مشاورت

مٹ پلی ۔ 22 ؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ایم ایل اے مٹ پلی کوموریڈی راملو نے اپنی رہائش گاہ میں نوجوانان و مسلم قائدین کے اجلاس سے مشاورت کرتے ہوئے کہا کہ ملک ہندوستان میں این آرسی اور سی اے اے کے لزوم کی سختی کے ساتھ مذمت کی جاتی ہے ۔ برسراقتدار مرکزی حکومت و مودی و امت شاہ کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ۔ وطن کی تعمیر میں ہرمذہب والوں کی قربانیاں شامل ہیں ۔ مودی اور امیت شاہ کی جاگیر نہیں ہے کہ جو چاہئے قانون ہندوستانی شہریوں پر زبردستی کے ساتھ تھوپا جائے ۔ چند دنوں تک اسی طرح پریشان کرتے رہیں گے ہم کو سچائی کے جذبہ کے ساتھ حق کے لئے اور سب کو انصاف ملنے تک لڑنا ہوگا ۔ باطل دب جائیگا اور حق کی فتح کی بات کہی ۔ انہوں نے مٹ پلی شہر کے علاوہ اطراف و اکناف علاقوں کے احباب بلا مذہب و ملت صدر جمعیۃ العلماء مٹ پلی مولانا محمد سجاد حسین قاسمی ‘ سابق وقف بورڈ ڈائرکٹر ڈاکٹر سید دستگیر صدر انجمن اشاعت اردو حافظ محمد عبدالعزیز قائدین ملت سید حسین ‘ محمد رئیس الدین ‘ خواجہ عبدالعظیم ‘ مولانا محمد سلطان قاسمی ‘ مولانا محمد عمر سبیلی ‘ حافظ محمد عثمان ‘ حافظ محمد زاہد ‘ مرزا واحد بیگ ‘ محمد عارف ‘ محمد اظہرالدین ‘ محمد سہیل پیٹل ‘ سید احمد ‘ شیخ محبوب علی اور دیگر موجود تھے ۔