این آر سی : کانگریس وفد نے سلچر حراستی مرکز کا دورہ کیا

   

نئی دہلی ۔ 7 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ایک وفد نے آسام میں سلچر سنٹرل جیل میں قائم ایک حراستی مرکز کا آج دورہ کیا اور وہاں کے بعض مکینوں سے ملاقات کی جو نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) کی مساعی کے دوران اپنی شہریت ثابت کرنے کیلئے درکار دستاویزات کے فقدان کے سبب وہاں ڈال دیئے گئے ہیں۔ اس وفد میں سینئر کانگریس قائدین جئے رام رمیش ، مکل واسنک ، مانیکم ٹیگور ، جتیندر سنگھ ، ریپون بورا اور سشمیتا دیو شامل رہے۔ رمیش نے حراستی مرکز کے دورہ کے بعد ٹوئیٹ کے ذریعہ بتایا کہ 48 واجبی ہندوستانی شہریوں کے پاس مناسب کاغذات نہیں ہیں۔ بنگلہ دیش کے 17 افراد جو غلطی سے اس علاقہ میں آگئے ، وہ واپس جانا چاہتے ہیں لیکن ان کی بات قبول نہیں کی جارہی ہے اور 6 کا تعلق مائنمار سے ہے جو واپس جانا نہیں چاہتے۔ حراستی مرکز کے حالات اور وہاں مکینوں کی پریشانی دیکھ کر کافی دکھ ہوا ہے ۔آسام کانگریس کے سربراہ ریپون بورا نے بھی کہا کہ انہوں نے سلچر سنٹرل جیل کے ڈیٹینشن کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں سے ملاقات کی جنہیں بیرونی شہریوں کی طرح محروس رکھا گیا ہے ۔ این آر سی پر سب سے پہلے آسام میں عمل ہوا ہے اور مرکزی حکومت کا ارادہ اسے ملک گیر سطح پر وسعت دینا ہے۔