مفادات حاصلہ خوف اور الجھن پیدا کرنے میں مصروف
نئی دہلی ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے کہا کہ قومی شہری رجسٹر کے تعلق سے کوئی الجھن یا خوف پیدا نہیں ہونا چاہئے کیونکہ رجسٹر ہندوستانی شہریت کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین کی شناخت کے تعلق سے کوئی امتیاز نہیں برتا جارہا ہے۔ نقوی نے رام پور میں جن چوہال میں عام لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اپنی شہریت ثابت کرنے کیلئے کئی مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بڑی بدبختی کی بات ہیکہ بعض لوگ اپنے مفادات کی خاطر این آر سی کے تعلق سے خوف اور الجھن کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔ ان کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ باتیں کہی گئیں۔ انہوں نے بیان کیا کہ کوئی بھی قوم غیرقانونی آبادی کے دھماکے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی لوگوں کی آمد کا مسئلہ ایک عرصہ سے موجود رہا ہے اور لوگ غیرملکیوں کی دراندازی کے ہمیشہ مخالف رہے ہیں۔ ہم اسے نظرانداز نہیں کرسکتے۔ ملک کے اصل باشندوں کے حقوق کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے بیان کیا کہ این آر سی کا طریقہ کار سپریم کورٹ کے رہنمائی میں انجام دیا جارہا ہے۔