ڈاکومنٹ آزادی اظہار خیال پر حملہ، آئی جے یو کے صدر ڈی امر، سکریٹری جنرل سبینا اندرجیت کا بیان
حیدرآباد 23 اگسٹ (پریس نوٹ) انڈین جرنلسٹس یونین (IJU) اور اس سے ملحقہ جرنلسٹس یونین آف آسام (JUA) نے آسام میں جاری نیشنل رجسٹریشن آف سٹیزن (این آر سی) کے کام پر تنقیدی رپورٹس اور مضامین تحریر کرنے پر ملک کے مشہور و معروف صحافیوں کے ایک گروپ کو بدنام کرنے اور نقصان پہنچانے کے لئے ’’این آر سی‘‘ اتھاریٹی لوگو کے تحت پروپگنڈہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں آئی جے یو صدر اور پریس کونسل آف انڈیا ممبر ڈی امر، سکریٹری جنرل سبینا اندرجیت نے کہاکہ یہ ایک نفرت کی مہم ہے اور پروفیشنل جرنلسٹس کی آراء اور رپورٹس کو برداشت نہ کرنا ہے۔ اُنھوں نے اس نفرت کی مہم کی مذمت کی اور اسے آزادیٔ اظہار خیال کے حق پر حملہ قرار دیا۔ جے یو اے کے صدر اور آئی جے یو کے نائب صدر گیتارتھا پاٹھک نے جو این آر سی ایکسرسائز پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس سے متعلق رپورٹس تحریر کررہے ہیں، کہاکہ یہ ڈاکومنٹ پیشہ صحافت پر ایک حملہ ہے اور صحافیوں کو آسام میں حقائق کا تجزیہ کرنے اور اس سے متعلق رپورٹنگ کرنے سے باز رکھنے کی ایک شرانگیز کوشش ہے۔