این آر سی کیخلاف مہدی پٹنم میں خواتین کا احتجاج، مقدمہ درج

   

حیدرآباد ۔28جنوری ( سیاست نیوز) شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف اچانک احتجاج کرنے والے خواتین کے خلاف ہمایوں نگر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پیر کی شب شیراز خان اور نادیہ خان نے مہدی پٹنم چوراہا پہنچ کر این آر سی کے خلاف اچانک احتجاج شروع کردیا تھا ، جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی تھی ۔ اس احتجاج کے نتیجہ میں مصروف ترین مہدی پٹنم رعیتو بازار روڈ پر کچھ دیر تک ٹریفک جام ہوگئی اور احتجاجیوں کومنشتر کرنے کیلئے ہمایوں نگر پولیس کے علاوہ دیگر پولیس اسٹیشنس سے وابستہ پولیس کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں ۔ خواتین کا گروپ شہریت قانون اور این آر سی کیخلاف نعرے بازی کرنے لگے جس پر پولیس نے انہیں وہاں سے ہٹ جانے کیلئے کہا ۔ کچھ ہی دیر میں ان خواتین کے احتجاج میں کئی نوجوان شامل ہوگئے اور لیڈیز پولیس کو طلب کرلیا گیا ۔