این آر سی کے بجائے قومی بیروزگاری رجسٹر تیار کیا جائے

   

ملک بھر میں یوتھ کانگریس کی مہم، تلنگانہ میں اتم کمار ریڈی نے آغاز کیا
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ یوتھ کانگریس نے قومی سطح پر بیروزگاری رجسٹر تیار کرنے کی مہم شروع کی ہے اور اِس سلسلہ میں ٹول فری نمبر دیا گیا ہے جس کے ذریعہ بیروزگار نوجوان اپنا نام درج کرواسکتے ہیں۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس نے ملک بھر میں اِس مہم کا آغاز کیا جس کے تحت تلنگانہ یوتھ کانگریس نے آج گاندھی بھون میں پروگرام منعقد کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر انیل کمار یادو نے اِس پروگرام کا آغاز کیا۔ گرائجویٹ بیروزگار نوجوانوں کی کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔ یوتھ کانگریس نے نعرہ دیا ہے کہ این آر سی کی ملک کو ضرورت نہیں بلکہ این آر یو تیار کیا جائے جو نیشنل رجسٹر فار اَن ایمپلائمنٹ ہوگا۔ ملک میں بیروزگاری کے تعین کے لئے رجسٹر کی تیاری ضروری ہے۔ قائدین نے کہاکہ بیروزگار نوجوان گزشتہ 6 برسوں سے صرف وعدے سن رہے ہیں جبکہ نریندر مودی حکومت نے ہر سال ایک کروڑ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ احتجاج میں شریک نوجوانوں نے چائے فروخت کرنے، بوٹ پالش، گاڑیوں کے پنکچر بنانے اور دیگر کاموں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا۔ یوتھ کانگریس قائدین نے کہاکہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے مودی حکومت سماج کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ شہریت قانون، این آر سی اور این پی آر اِن کوششوں کا حصہ ہے۔ ملک میں بیروزگاری کی شرح میں دن بدن اضافہ ہوا ہے۔ جاریہ سال بیروزگاری کی شرح میں گزشتہ 45 برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈگری کی تکمیل کے بعد نوجوان بیروزگاری کے سبب معمولی کام انجام دیتے ہوئے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ این آر یو کی تیاری کے سلسلہ میں جس کسی کو تحریک میں حصہ لینا ہے وہ 8151994411 پر مسڈ کال دے سکتے ہیں۔ انیل کمار یادو نے آندھراپردیش کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اِس مہم میں حصہ لے کر مرکزی حکومت کو بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے اقدامات پر مجبور کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز میں نریندر مودی اور تلنگانہ میں کے سی آر حکومت مخالف عوام پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔