این ایس اے نفاذ کیخلاف درخواست کی سماعت سے انکار

   

سی اے اے پر احتجاج کو روکنے کی شکایت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ
نئی دہلی۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سی اے اے کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان چند ریاستوں میں قومی سلامتی قانون (این ایس اے ) کے نفاذ کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ ایک درخواست سماعت کے لیے قبول کرنے سے انکار کردیا۔ جسٹس ارون مشرا اور جسٹس اندرا بنرجی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ این ایس اے کے نفاذ کے بارے میں یکسر طور پر قومی حکم جاری نہیں کرسکتے۔ بنچ نے وکیل ایم ایل شرما کو اپنی درخواست واپس لینے کی ہدایت کی۔ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) اور ہندوستانی شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر آئی سی) کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد پر دبائو ڈالنے اور احتجاج کچلنے کے لیے این ایس اے نافذ کیاگ یا ہے۔ عدالت نے انہیں ایک تازہ درخواست یا زیر تصفیہ درخواستوں میں شمولیت کے لیے عبوری درخواست دائر کرنے کی ہدایت بھی کی۔