تلنگانہ سے متعلق وزیر اعظم کے بیان کی مذمت، حیدرآباد اور اضلاع میں علامتی پتلے جلائے گئے
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے طریقہ کار پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تنقید کے خلاف کانگریس پارٹی نے احتجاج منظم کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی اپیل پر حیدرآباد اور اضلاع میں وزیر اعظم کے علامتی پتلے نذرِ آتش کئے گئے۔ این ایس یو آئی کے کارکنوں نے نامپلی میں واقع بی جے پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات پولیس نے یوتھ کانگریس کارکنوں کو روک دیا۔ اس موقع پر بی جے پی آفس کے قریب ماحول کشیدہ ہوگیا۔ یوتھ کانگریس کارکن بی جے پی اور وزیر اعظم کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے جس کے جواب میں بی جے پی کارکنوں نے کانگریس کے خلاف نعرے لگائے۔ گاندھی بھون کے روبرو وزیر اعظم کا علامتی پتلہ نذرِآتش کیاگیا۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق وزیر اعظم کا بیان تلنگانہ عوام کی توہین ہے۔ نریندر مودی کو تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے لیکن وزیر اعظم نے شہیدان تلنگانہ کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کی ہے۔ پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کی جانب سے تقسیم کے طریقہ کار کی مخالفت کرنا افسوسناک ہے۔ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ر