نئی دہلی 17جولائی 2025 (یواین آئی) حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کے صدر معروف گاندھی وادی لیڈر تیج لال بھارتی نے جاری بیان میں این سی ای آرٹی کی آٹھویں جماعت کی سوشل سائنس کی نصابی کتاب میں تبدیلی کو گمراہ کن اور مغلوں سے نفرت کے مترادف قرار دیا ہے ۔حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کی ایک ریلیز کے مطابق تیج لال بھارتی نے کہا کہ‘‘ مذکورہ کتاب میں ایک خاص فرقہ پرست ذہنیت رکھنے والوں نے مغلوں کو ہندوستام کے دشمن کی طرح پیش کیا ہے جبکہ مغلوں نے سینکڑوں سال کی حکومت کے دوران ہندوستان میں انصاف کے ساتھ سماج واد کو فروغ دیا۔ ہندوستان ٹکڑوں میں تقسیم تھا انہوں نے ‘‘ اکھنڈ بھارت ’’بنایا، اس کے علاوہ مغلوں نے کسی بھی مذہب کے خلاف کبھی بدزبانی نہیں کی اور ہندوستان کو اپنا وطن بنایا نیز بلاتفریق مذہب سماج میں اونچ نیچ کی دیوار کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کی۔تیج لال بھارتی نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان کے لوگوں میں نفرت پھیلانے والوں کی سرزنش کی جائے اور ملک میں امن، شانتی اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے ۔