ممبئی 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی میں اپنی شمولیت کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے این سی پی کے رکن لوک سبھا اڈین راجے بھوسالے نے آج اعلان کیا کہ وہ کل ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرینگے ۔ بھوسالے مہاراشٹرا سے این سی پی کے چار میں سے ایک ایم پی ہیں اور انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر یہ اعلان کیا ۔ بھوسالے نے اپنے ٹوئیٹر پر بتایا کہ مرکزی وزرا امیت شاہ اور نتن گڈکری کے علاوہ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس ریاستی بی جے پی کے صدر چندر کانت پاٹل بھی دہلی کی اس تقریب میں شرکت کرینگے ۔ بھوسالے مغربی مہاراشٹرا میں ستارا کے ایم پی ہیں اور ایک دن قبل ہی انہوں نے این سی پی سربراہ شرد پوار سے پونے میں ملاقات کی تھی ۔ رکن پارلیمنٹ نے ٹوئیٹر پر کہا کہ انہوں نے عوام کی محبت اور دعاوں کے ذریعہ سماج کی خدمت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی ہی دعائیں جاری رہیں گی ۔ ان کے رشتہ کے بھائی جو این سی پی کے رکن اسمبلی تھے وہ بھی بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔