این سی پی کو ڈپٹی چیف منسٹر ، کانگریس کو اسپیکر کا عہدہ

,

   

صدر کانگریس سونیا گاندھی سے آدتیہ ٹھاکرے کی ملاقات ، دعوت نامہ پیش کیا

ممبئی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کی زیرقیادت مہاراشٹرا کی نئی حکومت نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا جائے گا۔ کانگریس کو اسمبلی اسپیکر کا عہدہ ملے گا۔ ادھوٹھاکرے کی حلف برداری کے ساتھ تینوں پارٹیوں میں سے ہر ایک پارٹی کے دو ارکان کو وزراء کی حیثیت سے حلف دلایا جائے گا۔ حکومت میں صرف ایک ڈپٹی چیف منسٹر ہوگا۔ کابینہ میں شیوسینا کے 15 اور این سی پی کے 15 ارکان ہوں گے جبکہ کانگریس کو 13 وزارتیں حاصل ہوں گی۔ مہاراشٹرا میں زیادہ سے زیادہ 43 وزراء ہوں گے۔ 288 رکنی اسمبلی میں شیوسینا کے 56 ارکان اسمبلی، این سی پی کے 54 اور کانگریس44 ارکان ہیں۔ اسی دوران شیوسینا کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے نئی دہلی پہنچ کر صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے والد ادھوٹھاکرے کی حلف برداری میں شرکت کیلئے دعوت دی۔