این نارا لوکیش کا منگل گیری حلقہ اسمبلی سے مقابلہ

   

تلگودیشم پارٹی کا فیصلہ ، دوسرے حلقہ سے مقابلہ کی قیاس آرائیاں ختم
حیدرآباد ۔13مارچ ( سیاست نیوز) قومی جنرل سکریٹری تلگودیشم پارٹی مسٹر این لوکیش کے ریاست کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں کس حلقہ سے انتخابی مقابلہ کرنے سے متعلق پایا جانے والا تجسس بالآخر آج ختم ہوگیا اور یہ بات واضح ہوچکی ہیکہ لوکیش ضلع گنٹورکے حلقہ اسمبلی منگل گری سے مقابلہ کریں گے ۔ تلگودیشم پارٹی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کل تک یہ اطلاعات تھیں کہ لوکیش وشاکھاپٹنم ٹاؤن کے کسی ایک حلقہ سے انتخابات میں حصہ لیں گے لیکن تلگودیشم قیادت نے وشاکھاپٹنم کے سیاسی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وشاکھاپٹنم کے بجائے ضلع گنٹور کے حلقہ اسمبلی منگل گری سے انتخابی مقابلہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ تلگودیشم پارٹی کی جاری کی جانے والی امیدواروں کی پہلی فہرست میں ہی لوکیش کا نام شامل رہے گا ۔ بتایا جاتا ہیکہ حلقہ اسمبلی منگل گری کے حدود کے اونڈاول میں ہی مسٹر لوکیش کا ووٹ ہے ۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں موجودہ رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر اے راما کرشنا ریڈی نے حلقہ اسمبلی منگل گری سے تلگودیشم پارٹی امیدوار جی چرنجیوی کے ساتھ مقابلہ میں صرف 12 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔