حیدرآباد، 22 مئی (آئی اے این ایس): سوپراسٹار این ٹی آر، جنہیں محبت سے ’مین آف دی ماسز‘ کہا جاتا ہے، اپنی آنے والی فلم ’وار 2‘ کے ٹیزرکو ملنے والے زبردست ردعمل پر نہایت خوش ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس فلم میں ان کا کردار ان کے لیے ’انتہائی خاص‘ ہے۔اداکار نے کہا:’’اداکار ہونا واقعی ایک نعمت ہے کیونکہ آپ کو لوگوں سے بے لوث محبت حاصل ہوتی ہے۔ یہ ایک بہت ہی قیمتی اور نایاب احساس ہے اور میں واقعی خوش نصیب ہوں کہ مجھے ’وار 2‘ کے لیے ایسی محبت مل رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلم انہیں ایک بالکل نئے روپ میں پیش کرتی ہے۔ یہ فلم وائی آر ایف اسپائی یونیورس کی فلم ہے جو مجھے ایک ایسے کردار میں دکھا رہی ہے جسے نبھانے میں مجھے بہت مزہ آیا۔ ملک کے کونے کونے سے جو مثبت ردعمل اور محبت آ رہی ہے، وہ میرے لیے بہت حوصلہ افزا ہے۔ 42 سالہ اداکار نے کہا کہ وہ فلم کے لیے ملنے والے ردعمل پر نہایت پرجوش ہیں: یہ کردار میرے لیے بے حد خاص ہے۔ جب آپ کسی کردار میں اپنی جذباتی توانائی، شدت اور محنت شامل کرتے ہیں، تو لوگوں اور مداحوں سے ایسا زبردست ردعمل ملنا بہت خوشی کی بات ہے۔این ٹی آر نے یاش راج فلمزکے اسپائی یونیورس کی بھی تعریف کی اور کہا:یہ یونیورس ہمیشہ سنیما اور باکس آفس پر نئے معیار قائم کرتا رہا ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ ہماری مہم کی شروعات نے لوگوں پرگہرا اثر ڈالا ہے۔ اب 14 اگست سے سنیما گھروں میں اس پاگل پن کو دیکھنے کا شدت سے انتظار ہے۔’وار 2‘ کی ہدایتکاری ایان مکرجی نے کی ہے اور اسے آدتیہ چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم میں کیارا اڈوانی مرکزی خاتون کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ ہائی آکٹین ایکشن فلم 14 اگست کو ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز ہوگی۔اس فلم میں ریتک روشن مرکزی کردار میں نظرآئیں گے ۔ فلم کیلئے مداحوں میں ایک نیا جوش ہے کیونکہ فلم میں ریتک اور این ٹی آر کا ٹکراؤ میں بہترین ڈانس کی امید کی جارہی ہے ۔