این ٹی آر اور کے سی آر پر مبنی فلموں کی نمائش پر الیکشن کمیشن کی پابندی

   

نئی دہلی۔/10 اپریل، ( پی ٹی آئی ) الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زندگیوں پر بنائی گئی دو فلموں بالترتیب ’’ لکشمیس این ٹی آر ‘‘ اور ’’ اُڈیاما سمہم ‘‘ کو تا حکم ثانی ریلیز نہ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ سوانح حیات یا دیو مالائی کردار پر مبنی کوئی بھی بائیو پک مواد جس سے کسی سیاسی ادارہ یا انفرادی شخصیت کی پذیرائی ہوتی ہے اور اس ارادہ پر مبنی ہے اور اس سے انتخابات کے دوران جاری عمل متاثر ہوسکتا ہے انہیں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نافذ رہنے تک بشمول سینما ٹوگرافی کسی بھی الیکٹرانک میڈیا میں نہیں دکھایا جانا چاہیئے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حکمنامہ میں ’ لکشمیس این ٹی آر ‘ کے پروڈیوسروں کو دی گئی ہدایت میں کہا کہ آنجہانی این ٹی راما راؤ پر بنائی گئی فلم میں آندھرا پردیش کے موجودہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو اس انداز میں دکھایا گیا ہے جس سے ان کی پارٹی کے انتخابی مواقع متاثر ہوسکتے ہیں۔ ایک علحدہ حکمنامہ میں ’ اُڈیاما سمہم ‘ کے پروڈیوسروں کو الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ ’ ریکارڈ پر موجود حقائق اور مواد کے پیش نظر یہ فلم تلنگانہ کے چیف منسٹر شری کے چندر شیکھر راؤ کی سوانح حیات پر مبنی ہے اور وہ ایک ایسی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں جن کی پارٹی لوک سبھا کے عام انتخابات میں اپنے امیدوار بھی نامزد کئے ہیں چنانچہ انتخابی ضابطہ نافذ رہنے تک یہ فلم بھی تا حکم ثانی نہیں دکھائی جاسکتی‘۔