مجاہدین آزادی کو خراج، عوامی خدمت کیلئے اقتدار ضروری نہیں، تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے یوم آزادی کے موقع پر آج حیدرآباد کے این ٹی ٹرسٹ بھون میں قومی پرچم لہرایا اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا اور کہا کہ ہندوستان کو سیکولر اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے جوڑنے میں مجاہدین آزادی کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے دونوں تلگو ریاستوں کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور دونوں ریاستوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مجاہدین آزادی کے اصولوں کو مشعل راہ کے طور پر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں عوام کو خوف و دہشت اور حملوں کے بغیر آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا بھرپور موقع ملنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سماج میں تشدد اور عدم رواداری کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کے قیام کے مقصد کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تلگو عوام کی بہتر خدمت اور انصاف دلانے کیلئے این ٹی راما راؤ نے تلگودیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ خود کو عوامی خدمت کیلئے وقف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم دورِ حکومت میں ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی مثالی قدم اٹھائے گئے جس کا لاکھوں خاندانوں کو آج بھی فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کیلئے عوام کی خدمت اہمیت رکھتی ہے اقتدار نہیں۔ اقتدار کے بغیر بھی عوامی خدمت میں پارٹی اور اس کے قائدین مشغول رہیں گے۔
