صدر جمہوریہ مرمو کے ہاتھوں آج اجرائی ‘ افراد خاندان کی شرکت
حیدرآباد 27 اگسٹ ( سیاست نیوز ) سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش این ٹی راما راؤ کی تصویر والا 100 روپئے کا سکہ کل دہلی میں جاری کیا جائیگا ۔ صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو یہ یادگاری سکہ جاری کریں گی ۔ اس تقریب میں شرکت کیلئے این ٹی راما راؤ کے افراد خاندان دہلی پہونچ گئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے این ٹی آر کے افراد خاندان کے علاوہ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کو بھی اس تقریب کیلئے مدعو کیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو بھی دہلی پہونچ رہے ہیں۔ این ٹی راما راؤ کے فرزندان ‘ دختران اور ان کے افراد خاندان شرکت کریں گے ۔ یہ بھی قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ جونئیر این ٹی آر اور کلیان رام بھی شرکت کریں گے تاہم اس کی توثیق نہیںہوسکی ہے ۔ کئی اہم شخصیتیں جو این ٹی آر کے ساتھ کام کرچکی ہیں انہیں بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے این ٹی آر صدی تقاریب کے موقع پر یہ یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔