بھاگلپور: بہار میں بھاگلپور ضلع کے کہلگاؤں میں واقع این ٹی پی سی پاور پراجکٹ کی وعدہ خلافی اورترقیاتی کاموں کو نظر انداز کیے جانے کے خلاف مقامی عوامی نمائندوں نے ہفتہ سے غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے ۔سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ این ٹی پی سی پاور پروجیکٹ مقام کے قریب واقع ستکار چوک پر بھاگلپور ضلع پریشد کے سینئر رکن جناردن آزاد اور کہلگاؤں بلاک مکھیا ایسوسی ایشن کی صدر سنیتا دیوی کی قیادت میں سابق ضلع کونسلر کنچن دیوی، پنکو کمار، پریتم کمار، روی شیکھرکمار، پون کمار سمیت کئی عوامی نمائندے ہفتہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں۔ وہ لوگ این ٹی پی سی پروجیکٹ سے متاثرہ دیہاتوں اور علاقوں میں عوامی بہبود کے کاموں کو صحیح طریقے سے نہ کرانے کا انتظامیہ پر الزام لگا رہے ہیں۔اس دوران ضلع پریشد کے سینئر رکن جناردن آزاد نے کہا کہ این ٹی پی سی انتظامیہ کا لاپرواہی کا رویہ ایسا ہے کہ پروجکٹ سے ملحقہ دیہاتوں میں ترقیاتی کاموں بالخصوص خستہ حال سڑکوں کی تزئین و آرائش کا وعدہ کرنے کے باوجودکوئی کام نہیں ہوا ہے ۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقامی عوامی نمائندوں کی طرف سے متعدد بار این ٹی پی سی انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے لیکن انتظامیہ نے جھوٹی یقین دہانی کرائی ہے ۔ دیہی علاقوں کی ایک بڑی آبادی بہت سے مسائل کا شکار ہے ۔ آزاد نے کہا کہ این ٹی پی سی انتظامیہ کی جھوٹی یقین دہانیوں سے تنگ آکر مقامی عوامی نمائندے احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جب تک انتظامیہ اپنا رویہ نہیں بدلتی، مرنے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔
راجستھان کے سابق گورنر کلراج مشرا کی وداعی
جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما نے ہفتہ کو یہاں سابق گورنر کلراج مشرا کو جذباتی الوداع کیا۔شرما نے ہوائی اڈہ پر مشرا کو گلدستہ پیش کرکے رخصت کیا۔ انہوں نے مشرا کی صحت مند زندگی کی خواہش کی۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری اور ڈاکٹر پریم چند بیروا اور کابینہ کے دیگر اراکین، قائد حزب اختلاف ٹیکارام جولی اور دیگر معززین نے بھی رخصت کرتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ مشرا نے حال ہی میں راجستھان کے گورنر کے طور پر اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کی اور 31جولائی کو ان کی جگہ ہری بھاؤ کشن راؤ باگڑے نے گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔