این پی آرپر عوامی مفاد میں فیصلہ ہوگا : مہاراشٹرا

   

ممبئی ، 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا اُدھو ٹھاکرے نے مجوزہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کے بارے میں غوروخوض کے ذریعے ’’عوام کے مفاد میں‘‘ فیصلہ کرنے کا یقین دلایا ہے، این سی پی لیڈر اور ریاستی وزیر امکنہ جتندر اَوہد نے ہفتہ کو یہاں یہ بات کہی۔ انھوں نے ایسی رپورٹس کو ’بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے خارج کردیا کہ ریاستی حکومت نے عہدے داروں کو این پی آر کیلئے یکم مئی تا 15 جون خصوصی مہم میں ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جتندر نے ٹوئٹ کیا کہ بدبختی سے بعض گروپس مخلوط حکومت میں بلاوجہ تنازعات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ شیوسینا زیرقیادت مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں این سی پی اور کانگریس برسراقتدار شرکاء ہیں۔