ہم مرکز کیساتھ اچھے تعلقات استوار رکھنا چاہتے ہیں، بلدی انتخابات میں کامیابی کے بعد ریاستی وزیر کا بیان
حیدرآباد 25 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارگذار صدر اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ اُن کی پارٹی قیادت نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) کی عمل آوری پر ذمہ دارانہ فیصلہ کرے گی اور اِس تعلق سے عوام الناس کو مطلع کیا جائے گا۔ میونسپل انتخابی نتائج کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ ہماری حکومت مرکز کے ساتھ اچھے تعلقات استوار رکھنا چاہتی ہے۔ تاہم ہم این پی آر اور این آر سی پر عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ ہماری پارٹی کی بھی کوئی ذمہ داری ہوتی ہے اس لئے عجلت میں ہم کوئی قدم نہیں اُٹھائیں اور نہ ہی عوام سے اپیل کریں گے کہ این پی آر کی خانہ پُری کریں۔ مرکز کے ساتھ ہمارے خوشگوار دستوری تعلقات ہیں لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ بی جے پی اپنے طور پر فیصلے کرلے۔ ہمارے تعلقات بی جے پی کے ساتھ نہیں حکومت ہند کے ساتھ اچھے ہیں۔ اِن مسائل پر قومی مفادات کے تناظر میں قدم اُٹھایا جائے گا اور عنقریب ریاستی کابینہ اِس معاملہ پر فیصلہ کرے گی۔ مرکزی حکومت کو اِن باتوں سے ہٹ کر مالیاتی اصلاحات پر توجہ دینی چاہئے۔ ملک کی موجودہ صورتحال کا تقاضہ یہ ہے کہ معاشی اصلاحات پر دھیان دیا جائے۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی اور کانگریس نے ملکر میری بہن کویتا کو شکست دینے کو یقینی بنایا تھا۔ ان میونسپل انتخابات میں بھی ایسی ہی کوشش کی گئی۔ کانگریس کی عادت بن گئی ہے کہ وہ جب کبھی انتخابات ہوتے ہیں الیکشن کمیشن اور حکام پر تنقید کرتی ہے۔