حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) بینک کھاتہ داروں کے لئے این پی آر صداقت نامہ کو لازمی قرار دینے والے سنٹرل بینک آف انڈیا نے آج اپنا موقف ظاہر کردیا ہے اور اخبار میں شائع کردہ اشتہار کے بعد این پی آر سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ این پی آر کا صداقت نامہ لازمی نہیں ہے۔ ایک تلگو روزنامہ کے مختلف ایڈیشن میں شائع اشتہار سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔ گزشتہ چند روز سے یہ سلسلہ جاری تھا۔ تاہم آج روزنامہ سیاست میں خبر شائع ہونے کے بعد بینک کے ذمہ داروں نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے اور تقریباً ہر شاخ کے نوٹس بورڈ پر نوٹس آویزاں کی ہے کہ ’کے وائی سی‘ کیلئے این پی آر کا صداقت نامہ لازمی نہیں ہے اور یہ صرف زائد دستاویزی ثبوت ہوگا جبکہ آدھار کارڈ، پیان کارڈ و دیگر آئی ڈی و دستاویزات KYC کے تحت قابل قبول ہوں گے۔