کولکاتہ۔27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام)مغربی بنگال میں خطرناک گردابی طوفان ‘امفان’متاثرہ علاقوں میں حالات کو معمول پر لانے کے لئے تعینات نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے مقامی انتظامیہ کی مدد سے مختلف ضلعوں میں پانچ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے ۔ہرین گھاٹ کے 2 بی این این ڈی آر ایف ہیڈکوارٹر کے ایمرجنسی مہم مرکز(ای او سی)نے ایک ریلیز جاری کرکے یہ اطلاع دی۔این ڈی آر ایف نے منگل تک پانچ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے علاوہ تقریباً 7,650 مویشیوں کی بھی جان بچائی ہے اور2,428 کلومیٹر سڑک کو ملبا ہٹاکر صاف بھی کیا ہے ۔ان سڑکوں میں قومی شاہراہ،ریاستی شاہراہ اور دیہی سڑکیں شامل ہیں۔فورس نے گردابی طوفان کی وجہ سے گرے تقریباً 5500 درختوں اور تقریباً 945 بجلی کے کھمبوں کو بھی ہٹایا ہے ۔