این ڈی اے اور یوپی اے دونوں کی حکومت نہیں بنے گی: ممتا بنرجی

,

   

کولکاتا19اپریل (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکز میں این ڈی اے اور یوپی اے میں سے کسی کی بھی حکومت نہیں بنے گی بلکہ فیڈرل فرنٹ کی حکومت بنے گی۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ این ڈی اے کو اکثریت نہیں ملنے والی ہے ۔یوپی اے کو تو اکثریت ملنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ فیڈرل فرنٹ کی حکومت کی بنے گی اور ان دونوں اتحاد سے بھی کئی پارٹیاں اس میں شامل ہوں گی اور وہ کئی پارٹیوں کے رابطے میں ہیں۔لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی تقریروں سے متعلق وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ اسمبلی انتخاب نہیں بلکہ لوک سبھا انتخابات ہیں اس لئے موضوعات قومی مسائل پر مبنی ہیں۔مودی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں اپنے ایک بھی وعدے کو مکمل نہیں کیا ہے ۔یہی ہمارا اصل موضوع ہے ۔ہم نے بنگال میں بڑے پیمانے پر کام کیے ہیں۔ملک میں ہم ایک ایسی جماعت ہیں جس نے انتخابی منشور میں کیے گئے ہرایک وعدے کو مکمل کیا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی حکومت نے کسانوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔گزشتہ پانچ سالوں میں 12ہزار کسانوں نے خودکشی کی ہے ۔جب کہ بنگال میں کسانوں کی آمدنی میں دوگنا اضافہ ہوا ہے ۔مودی جی صرف بات کرتے ہیں۔انہوں نے 2022تک کسانوں کی آمدنی میں دوگنا اضافہ کرنے کا وعدہ کیا ہے مگربنگال میں ہم نے کردیا ہے۔ہم نے پیچیدہ ٹیکس کو ختم کردیا ہے ۔ہم اپنے کسان بھائیوں کو 5000ہزار روپے الاؤنس دیتے ہیں۔اس کے علاوہ مفت میں انشورنس دیتے ہیں۔