این ڈی اے راجیہ سبھا کی تمام 5 نشستوں پر جیت حاصل کرے گا:ارون بھارتی

   

جموئی، 15 مارچ (یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ارون بھارتی نے اتوار کے روز کہا کہ بہار میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) پانچوں نشستوں پر جیت درج کرے گا۔مسٹر بھارتی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن کے دعوے کو مسترد کیا اور کہا کہ بہار میں اپوزیشن بہت کمزور ہے اور ان کا دعویٰ صرف پانچویں نشست کے لیے ہے ، جس پر انہیں شکست ہوگی۔ جموئی کے رکن پارلیمنٹ مسٹر بھارتی نے آج اپنے ایک روزہ دورے کے دوران کئی پروگراموں میں شرکت کی اور جموئی ریلوے اسٹیشن کا معائنہ بھی کیا۔ معائنہ کے دوران مقامی لوگوں نے اسٹیشن احاطے میں موجود کئی مسائل سے رکن پارلیمنٹ کو آگاہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ نے بھی اسٹیشن پر مسافروں کی سہولت سے متعلق جو بھی کمی ہے ، اسے دور کرنے کا یقین دلایا۔معائنہ کے دوران مقامی لوگوں نے بتایا کہ جموئی ریلوے اسٹیشن کو امرت بھارت اسٹیشن اسکیم میں شامل کیا گیا ہے ، لیکن اس کے باوجود اسٹیشن پر جاری تعمیراتی کام بہت سست رفتاری سے چل رہا ہے ۔ لوگوں نے بتایا کہ دو برس سے زیادہ وقت گزر جانے کے باوجود امرت بھارت اسکیم کے تحت بننے والی عمارت اور مسافروں کی سہولیات سے متعلق کئی کام اب تک مکمل نہیں ہو سکے ہیں۔رکن پارلیمنٹ ارون بھارتی نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ امرت بھارت اسکیم وزیر اعظم نریندر مودی کے اہم منصوبوں میں شامل ہے ۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے وزیر اور ڈی آر ایم سے بات کرکے اس مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے بہار کو جنگل راج سے نکال کر ترقی کی راہ پر لایا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نتیش کمار دہلی جانا چاہتے ہیں تو این ڈی اے کے بڑے رہنماؤں کو ان کی خواہش پوری کرنی چاہیے ۔