این ڈی اے متحد، حلیفوں میں کوئی اختلا ف نہیں :بی جے پی

   

سمستی پور 10 اکتوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے بہار ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے جیسوال نے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی حلیف جماعتوں کے مابین کسی طرح کے اختلافات کو سرے سے خارج کرتے ہوئے آج کہاکہ این ڈی اے پوری طرح سے متحدہے ۔ اور اتحاد میں کبھی کوئی اختلاف نہیںتھا۔ڈاکٹر سنجے جیسوال یہاں سمستی پور لوک سبھا حلقہ کے این ڈی اے کی حلیف لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) امیدوار پرنس راج کے حق میں انتخابی بگل بجاتے ہوئے کہاکہ این ڈی اے چٹان کی طرح متحد ہے ۔ انہوںنے دعویٰ کیاکہ بہار کی پانچ اسمبلی اور سمستی پور ( محفوظ ) لوک سبھا سیٹ پر ہورہے ضمنی انتخاب میں بی جے پی ۔ جنتادل یونائٹیڈ اور ایل جے پی اتحاد سبھی سیٹوں پر جیت درج کرے گی ۔بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے جموں کشمیر سے آرٹیکل ۔370 کو ختم کر کے پارٹی کارکنان کے ساتھ ۔ ساتھ ملک کے لوگوں کا وقار بڑھا یا ہے ۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی کو جس طرح سے لوگوں کا ساتھ اور اعتماد مل رہا ہے اس سے واضح ہے کہ ملک میں آئندہ پچاس سالوں تک بی جے پی کی حکومت رہے گی ۔بی جے پی صدر نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی کی سیاست اب ملک سے ختم ہوچکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی کئی ریاستوں میں ہورہے اسمبلی انتخاب میں بھی کانگریس صدر راہل گاندھی انتخابی تشہیر کے بجائے غیرملکی دورے پر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی ۔ اتحاد کے خلاف جو مبینہ مہا گٹھ بندھن بنا ہے وہ صرف گھوٹالے بازوں کا گٹھ بندھن ہے ۔