پٹنہ:بھگوان رام کے وجود پر انگلی اٹھانے کے بعد بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کو بی جے پی لیڈروں کی لگاتار تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جمعرات کو انھوں نے بی جے پی لیڈروں پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں (بی جے پی کو) بھی مندروں میں دلتوں کے داخلے کے بارے میں بولنا چاہیے۔ مانجھی کرناٹک کے اس واقعہ کا تذکرہ کر رہے تھے جہاں مندر انتظامیہ نے ایک دلت والد پر 23 ہزار روپے کا جرمانہ لگایا، جو مندر کے دروازے کے باہر پوجا کر رہا تھا لیکن اس کا دو سال کا بیٹا 4 ستمبر کو اس میں داخل ہو گیا۔مانجھی نے کہا کہ ’’مذہبی مافیا ایسے واقعات کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔ وہ اس کے بارے میں خاموش ہو جاتے ہیں۔ کوئی بھی دلت طبقہ کے مندروں میں داخلے پر پابندی لگانے پر نہیں بولے گا۔
