نئی دہلی ۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) رافیل سودا جس پر مودی حکومت نے فرانس میں 36 لڑاکا جیٹ طیارے ڈسالٹ خریدنے کیلئے دستخط کئے ہیں۔ 2007ء میں یو پی اے کی طئے شدہ قیمت کی بنسبت 2.86 فیصد سستا ہے۔ قیمت کی تفصیلات اور قطعی قواعد و ضوابط کا انکشاف کئے بغیر سی اے جی نے کہا کہ یہ سودا 6.54 فیصد مہنگا تھا جبکہ 2007ء میں کیا گیا تھا۔ موجودہ قیمت ماضی کی بنسبت 2.68 فیصد کم ہے۔ سی اے جی نے ایک مکتوب تیقن کا بھی تذکرہ کیا جو فرانسیسی حکومت نے حکومت ہند سے کیا ہے جس میں کہا گیا ہیکہ ڈسالٹ سے اس تیقن کی غیرموجودگی میں مستحقہ فائدہ ناممکن تھا۔ تاہم رپورٹ شراکت داروں کے مسئلہ پر خاموش ہے حالانکہ کانگریس نے نریندر مودی زیرقیادت حکومت پر جو الزامات عائد کئے تھے ان میں انیل امبانی کے ریلائنس گروپ کو کلیدی اہمیت دی گئی تھی۔ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے فوری بعد مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کہاکہ کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں نے جو موقف اختیار کیا تھا وہ سی اے جی کی رپورٹ کی بناء پر بے نقاب ہوگیا ہے کہ 2016ء کے سودے کے قواعد و ضوابط کی قیمت کے اعتبار سے یو پی اے ے سودے کی بنسبت سستے ہیں۔