این ڈی اے کے اتحادی جے ڈی یو نے تین طلاق بل کی مخالفت میں واک آؤٹ کیا

   

نئی دہلی25جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز میں برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی اتحادی پارٹی جنتا دل (یو) نے جمعرات کو لوک سبھا میں تین طلاق بل کی مخالفت کی اور اس مسئلہ پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔بہار کے مونگیر سے جے ڈی یو کے رکن پارلیمان راجیو رنجن سنگھ نے مسلم خواتین (تحفظ شادی قانون)بل 2019 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی درمیان کے تین چار برسوں کو چھوڑ کر 1996 سے این ڈی اے کا حصہ ہے ۔ این ڈی اے کے اندر آپسی سمجھ یہ ہے کہ سول کوڈ سمیت کسی بھی متنازعہ مسئلہ کو نہیں ہاتھ لگایاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم اس بل کی حمایت نہیں کرتے ہیں کیونکہ یہ سماج کے دلوں میں عدم یقین پیدا کرے گا۔ ایک خاص طرح کا رویہ پیدا کرے گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ میاں۔ بیوی کا رشتہ آپسی رضامندی اور آپسی یقین سے ہوتا ہے ۔ یہ رشتہ کسی قانون سے نہیں ہوتا ہے ‘‘۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ ’’سماج صرف آئین سے نہیں چلتا۔ سماج روایت سے بھی چلتا ہے ۔ اس برادری میں ایک سسٹم ہے ایک روایت ہے ۔ جلدبازی میں کوئی قانون نہ بنایا جائے ۔ آپ نے جہیز قانون بھی بنایا ہے ۔ اس کا غلط استعمال ہورہا ہے کہ نہیں‘‘۔