ممبئی ۔13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی کی سالانہ ایوارڈ تقریب میں ہندوستان کے اسٹار بولر جسپریت بمراہ چھائے رہے۔ انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے لئے 2018-19 کا باوقار پالی امریگر ایوارڈ اور دلیپ سردیسائی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں پوری ٹیم موجود تھی۔ اوپنر شکھر دھون اپنے ساتھی کھلاڑی روہت شرما کے ساتھ مذاق کرتے نظر آئے۔ ایوارڈ تقریب میں ہندوستانی خاتون ٹیم کی کھلاڑی پونم یادوکو خاتون کے زمرے میں بہترین بین الاقوامی کرکٹر قرار دیا گیا۔ 15 سالہ شیفالی ورماکو خاتون کے زمرے میں بہترین نئی کھلاڑی کا ایوارڈ ملا ۔ تاہم ایوارڈ تقریب میں ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کا موڈ کچھ خراب نظر آیا ۔اس پروگرام میں معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور سوہا علی خان بھی موجود تھیں۔