نئی دہلی ۔11 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ایسے وقت جب یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں جہاں ایوان میں بی جے پی نے وہپ جاری کیا ہے ، راجیہ سبھا کے صدرنشین ایم وینکیا نائیڈو نے منگل کے روز وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کی حاضری کو ’’صحتمند‘‘ بنانے کیلئے ایسا کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ راجیہ سبھا میں حاضری کا تناسب بہت کم ہوگیا ہے اور سیشن کے آخری دن بھی حاضری بیحد کم رہی ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کا آغاز 31 جنوری کو ہوا اور منگل کے روز تک جاری رہنے کے بعد اس کا سلسلہ 2 مارچ تک منقطع کردیا جائے گا ، تاہم آج کے لئے جب وقفہ کے بعد ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی مسٹر نائیڈو نے کہا کہ آج کوئی بل لایا نہیں جائے گا بلکہ صرف بجٹ پر بحث ہوگی اور اس کے بعد وزیر مالیات نرملا سیتارامن کے جواب پر بھی بحث ہوگی ۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ وہپ جاری ہونے پر اُنھیں بیحد خوشی ہے کیونکہ اس طرح سیشن کے پورے دورانیہ میں وہپ جاری کرتے ہوئے ایم پیز کی حاضری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔