ایوان میں میری زبانی لنچنگ کی گئی: دانش علی

   

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دانش علی نے بدھوری کے لوک سبھا میں فرقہ وارانہ تبصروں سے متعلق متنازعہ بیان پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے تبصرہ کو بے بنیاد بتا یا اور ان پر سنگین الزام لگایا ہے۔ دوبے نے اپنی پارٹی کے ساتھی کے تبصروں کی مذمت کرتے ہوئے یہ بھی الزام لگایا کہ دانش علی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ذات پات پر مبنی الفاظ کا استعمال کیا، جس نے بدھوڑی کو دانش علی پر تنقید کیلئے اکسایا۔ دوبے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کوئی مہذب معاشرہ لوک سبھا میں رمیش ودھوڑی کی طرف سے دیے گئے بیان کو درست نہیں مان سکتا لیکن لوک سبھا کے اسپیکر کو دانش علی کے ناشائستہ الفاظ اور طرز عمل کی بھی تحقیقات کرنی چاہیے۔اس پردانش علی نے آج میڈیا کو بتایا کہ نشی کانت دوبے کا خط (لوک سبھا اسپیکر کو) ایوان کے باہر میری لنچنگ سے متعلق ایک بیانیہ تیار کرنا ہے کیونکہ ایوان میں میری زبانی لنچنگ ہو چکی ہے۔جمعرات کو لوک سبھا میں چندریان -3 مشن کی کامیابی پر بحث کے دوران بدھوڑی نے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف قابل اعتراض اور فرقہ وارانہ الفاظ کا استعمال کیا تھا جس کی سوشل میڈیا پر سیاست دانوں اور لوگوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی تھی۔