ایوان میں گپ شپ، اسپیکر نے وزیر کی سرزنش

   

نئی دہلی 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعہ کو ایوان میں وقفہ صفر کے دوران گپ شپ پر ایک مرکزی وزیر بابل سپریو کی سرزنش کی۔ لوک سبھا میں جب ایک سوال میں بابل سپریو کا حوالہ دیا جارہا تھا وہ مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر سے بات چیت کے لئے آگے بڑھ رہے تھے۔ اس موقع پر اسپیکر اوم برلا نے سپریو سے کہاکہ ’وقفہ سوالات کے دوران آپ گپ شپ نہ کریں‘۔ سپریو اُس وقت حکمراں جماعت کے ارکان کی پہلی صف میں بیٹھے ہوئے پرکاش جاؤڈیکر کے قریب کھڑے تھے۔ اس طرح اسپیکر نے منگل کو ایک اور مرکزی وزیر رانا صاحب دانوے کی سرزنش کی تھی جو ایوان میں وقفہ صفر کے دوران ایوان کی کارروائی پر توجہ نہیں دے رہے تھے۔