ایوان کی کارروائی چلانے میں غیر جانبداری کو اوّلین ترجیح

   

Ferty9 Clinic

بعض ٹی وی چیانلس کو نوٹس کی اجرائی انتقامی رویہ نہیں، اسپیکر ٹی سیتارام کا بیان

حیدرآباد 4 اگسٹ (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کے حالیہ منعقدہ اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے پیش کردہ بلوں پر انتہائی شاندار و معیاری مباحث ہوئے۔ آج وجئے واڑہ میں منعقدہ ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر ٹی سیتارام نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ اسمبلی قوانین پر عمل آوری کے معاملہ میں ہرگز کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بعض نشریات (ٹیلی کاسٹ) عمل میں لانے کی وجہ سے ہی بعض ٹی وی چیانلوں کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں اور ان نوٹسوں کی اجرائی میں ہرگز کوئی انتقامی رویہ نہیں ہے بلکہ قوانین سے واقف رہتے ہوئے قوانین سے لاعلمی جیسا اظہار کرنا انتہائی غلط بات ہے۔ مسٹر سیتارام نے مزید کہاکہ گہری نیند کا صرف مظاہرہ کرنے والے کو کچھ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر ٹی سیتارام نے واضح طور پر کہاکہ وہ اپنے اس عہدے پر فائز رہنے تک بالکلیہ طور پر غیر جانبدارانہ طریقہ کارپر مکمل کاربند رہیں گے اور غیر جانبدارانہ انداز میں ایوان کی کارروائی کو چلانے پر اوّلین ترجیح دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے ارکان اسمبلی کے پارٹی سے انحراف کرنے کے پیش آنے والے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی بھی ارکان اسمبلی قوانین انحراف کی خلاف ورزی کرنے پر ان ارکان کے خلاف قوانین کے مطابق سخت کارروائی کریں گے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ وہ کسی بھی صورت میں اسمبلی قوانین کے مغائر کوئی اقدامات ہرگز نہیں کریں گے اور غیر جانبداری کے ساتھ اسمبلی کی کارروائی پر اولین اہمیت دیں گے۔