نئی دہلی: ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے آغاز کے سلسلہ میں تقریب کی تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ شہر کی صاف صفائی اور ایودھیا کو آنے والی قومی شاہراہوں کو خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی نتن گڈکری نے کہا کہ ایودھیا بائی پاس پر تعمیری کام و خوبصورتی کے کاموں پر جملہ 55 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شری رام ہمارے تہذیب و تمدن کی علامت ہیں۔ رام جنم بھومی مندر کی تعمیر بہت جلد شروع ہوجائے گی۔ ایودھیا کی خوبصورتی و تعمیری کاموں کیلئے 55 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ایودھیا بائی پاس کو انتہائی خوبصورت بنایا جائے گا جس سے ملک و بیرون ملک سے آنے والے سیاح دیکھ کر حیرت زدہ ہوجائیں گے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ایودھیا کے رکن پارلیمنٹ للو سنگھ کی درخواست پر اس پراجکٹ پر 55 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں جس میں سے 40 کروڑ روپے بائی پاس کی تعمیر کیلئے اور 15 کروڑ روپے اس کی خوبصورتی کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر نے مزید بتایا کہ خصوصی درختوں کو لگایا جائے گا جس سے ایودھیا کی خوبصورتی میں اضافہ ہوجائے گا۔
رکن پارلیمنٹ للو سنگھ نے ایودھیا کی تعمیری و خوبصورتی کے کاموں میں دلچسپی لینے پر مرکزی وزیر نتن گڈکری کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ 5 اگست کو رام مندر کی سنگ بنیاد تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ بی جے پی و وی ایچ پی و آر ایس ایس کے اہم وزراء شرکت کریں گے۔