ایودھیا تنازعہ : مدعی عاجلانہ سماعت کیلئے کوشاں

   

نئی دہلی 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ایودھیا کے رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد اراضی تنازعہ میں اصل مدعی کی عرضی کا جائزہ لینے سے اتفاق کرلیا ہے جو اِس کیس کی عاجلانہ سماعت چاہتے ہیں کیوں کہ اِس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں ہورہی ہے حالانکہ پیچیدہ معاملے کا دوستانہ حل کھوجنے کے لئے ثالثی پیانل تشکیل دیا جاچکا ہے۔ اصل دیوانی مقدمہ کے ایک مدعی گوپال سنگھ فاضل عدالت سے رجوع ہوئے اور اِس کیس کی عاجلانہ سماعت کے لئے استدعا کی۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس انیرودھ بوس پر مشتمل بنچ نے کہاکہ ہم اِس کا جائزہ لیں گے جب اِس اراضی تنازعہ سے متعلق مختلف اپیلیں ہمارے سامنے پیش کی جائیں گی۔ بنچ نے استفسار کیاکہ آیا آپ نے عاجلانہ سماعت کے لئے درخواست داخل کی ہے، کونسل نے اثبات میں جواب دیا۔