امن و امان برقرار کھنے جگا ریڈی کی اپیل
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ایودھیا تنازعہ کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ عدالت نے مسجد کی تعمیر کیلئے 5 ایکر اراضی مختص کرنے کی ہدایت دی ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو عدالت کے فیصلہ کو تسلیم کرنا چاہیئے۔ عدالت کا فیصلہ دونوں طبقات کیلئے بھی قابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاہب اور پارٹیوں سے بالاتر ہوکر تمام کو سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرنا چاہیئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہندوستان میں ایودھیا موجود ہے اور لارڈ رام کی حکمرانی بھی ایک حقیقت ہے۔ بعد میں مغل بادشاہ بابر نے ہندوستان میں حکمرانی کی۔ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ بابر کی آمد سے قبل ایودھیا میں رام مندر موجود تھا۔ انہوں نے تمام طبقات سے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔