ایودھیا تنازعہ ہم 24 گھنٹے میں حل کرسکتے ہیں

,

   

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو پہلے سے زیادہ نشستیں ملیں گی : یوگی

نئی دہلی ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج ریمارک کیا کہ رام مندر کے مسئلہ پر عوام کا صبر لبریز ہورہا ہے ۔ اگر سپریم کورٹ اس معاملہ کو حل کرنے میں ناکام ہوجائے تو اس مسئلہ کو ہمارے حوالے کردیا جائے ہم اس تنازعہ کو 24 گھنٹے کے اندر حل کردیں گے ۔ چیف منسٹر نے اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اترپردیش میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی ۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 2014 سے زیادہ حلقوں پر کامیابی ملے گی ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ ایودھیا مسئلہ کو حل کرنے کے لیے بات چیت کریں گے یا اس معاملہ کو زبردستی حل کروائیں گے ۔ آدتیہ ناتھ نے مسکرا کر جواب دیا کہ اول سپریم کورٹ کو یہ معاملہ ہمارے حوالے کرنے دیجئے اس کے بعد دیکھئے ہم کیا کرتے ہیں ۔ میں سپریم کورٹ سے اب بھی اپیل کررہا ہوں کہ وہ اس تنازعہ کو جلد سے جلد حل کردے ۔ 30 ستمبر 2010 کو الہ آباد ہائی کورٹ کی ڈیویژن بنچ نے اراضی کی تقسیم کے مسئلہ پر اپنا فیصلہ نہیں دیا تھا بلکہ اس خیال کو برقرار رکھا تھا کہ ہندو مندر منہدم کر کے بابری مسجد تعمیر کی گئی تھی ۔۔