ایودھیا تنازع پرسپریم کورٹ میں آج ہوگی سماعت ، عدالت عظمیٰ کی نگرانی میں مصالحت پر فیصلہ کا امکان

,

   

چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی پانچ رکنی بینچ کے روبرو آج بابری مسجد معاملے کی اہم سماعت ہونے جارہی ہے ، جس کے دوران یہ متوقع ہے کہ عدالت کی نگرانی میں فریقین کے درمیان مصالحت پر فیصلہ ہوسکتا ہے ۔کیونکہ گذشتہ سماعت پر عدالت نے فریقین کو مصالحت کے ذریعہ معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سماعت پر جمعیۃ علماء ہندکی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل پٹیشن و دیگر عرضداشتوں پر سماعت کے دوران جسٹس بوبڑے نے فریقین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ عدالت کی نگرانی میں مصالحت کرنے کی کوشش کریں، جس کے بعد چیف جسٹس رنجن گگوئی و دیگر ججوں نے بھی فریقین کو مشورہ دیتے ہوئے انہیں چند دنوں کی مہلت بھی دی تھی ۔

عدالت کے مشورہ پرجمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا سید ارشدمدنی نے کہا تھا کہ جمعیۃعلماء ہند ابتداہی سے صلح اور امن کی حامی رہی ہے اور اس معاملہ میں باہمی مذاکرات کو اولیت دیتی آئی ہے۔ اگر عدالت اپنی نگرانی میں مصالحت کی کوئی نئی کوشش کرتی ہے ، تو ہم اس کے لئے تیارہیں ، اس لئے کہ ہم ہمیشہ سے اس اہم مسئلہ کا پرامن طورپر حل چاہتے ہیں ۔