ناگپور۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وی ایچ پی نے آج مطالبہ کیا کہ سنی وقف بورڈ کو مسجد کی تعمیر کیلئے ایودھیا کے بلدی حدود کے بیرون اراضی الاٹ کی جائے۔ نائب صدر سنٹرل وی ایچ پی چمپت رائے نے کہا کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو اس ٹرسٹ کی قیادت نہیں کرنا چاہئے جو ایودھیا میں رام مندر کیلئے تشکیل دیا جانا ہے۔ انہوں نے میڈیا والوں کو بتایا کہ ایودھیا ڈسمبر 2018ء سے قبل چھوٹی میونسپلٹی تھا ، جب ایودھیا اور فیض آباد بلدیات کو ضم کرکے کارپوریشن بنایا گیا۔ تاہم سنی وقف بورڈ کو الاٹ کی جانے والی 5 ایکڑ اراضی قدیم ایودھیا میونسپلٹی کے حدود سے باہر ہونا چاہئے۔