امیر شریعت مولانا ولی رحمانی کا ردعمل
پٹنہ ۔12 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امیر شریعت حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے راجیہ سبھا سے بھی شہریت ترمیمی بل کی منظور ی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 9دسمبر اور 11دسمبر2019 کو ہندوستانی تاریخ کے تاریک ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔یہی وہ دن ہیں جس میں آئین ، قانون ، مساوات ، جمہوری اقدار اور حقیت کے اصولوں کو تار تار کر دیا گیا اور ایک غیر آئینی اور تاناشاہی نظریہ حکومت کی بنیاد ڈالی گئی۔ 9 نومبرکو بابری مسجد قضیہ میں عدلیہ کے وقار کو مجروح کر کے ساری دلیلوں کو تسلیم کرنے کے با وجود مسجدکے خلاف فیصلہ کیا گیا جو سب کے سامنے ہے اور 11دسمبر2019کو آئین ہند ، مساوات اور جمہوری اقدار کا خون کرتے ہوئے ملک کو ایک مذہب کی بالا دستی کا شکار بنادیا گیا ہے۔اور غیر آئینی و غیر دستوری سٹیزن شپ امینڈمنٹ بل کو قانون کے رکھوالوں نے ہی قانون سے کھلواڑ کرتے ہوئے منظور کر کے قانون کی شکل دے دی۔ ان دونوں دنوں کو ہندوستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ حضرت امیرشریعت نے مزید کہا کہ اس بل کے ذریعہ سرکارنے ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کی طرف مضبوط قدم اٹھایا ہے ۔
