ایودھیا فیصلہ بی جے پی اقتدار کے سبب ہوا : ایم پی

   

بھڑوچ ، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں بھڑوچ کے نمائندہ بی جے پی ایم پی منسکھ واسوا نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے ایودھیا میں رام جنم بھومی تنازعہ کے بارے میں ’’ہمارے حق میں‘‘ فیصلہ مرکز میں بی جے پی حکومت کی وجہ سے دیا ہے۔ اس پر کانگریس نے مذمت کرتے ہوئے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا اور ایم پی کو ’’فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑکانے‘‘ کا مورد الزام ٹہرایا۔ تاہم، واسوا نے بعد میں دعویٰ کیا کہ وہ صرف اس بات کی نشاندہی کررہے تھے کہ کس طرح بی جے پی حکومت (مرکز میں) 9 نومبر کو سپریم کورٹ فیصلہ سنانے کے بعد لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی۔ جمعرات کی شام بھڑوچ ٹاؤن میں بی جے پی ورکرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے واسوا نے کہا کہ رام جنم بھومی مسئلہ کافی پرانا تھا۔ کئی سال بیت گئے۔ رام جنم بھومی تحریک جاری رہی جبکہ ہندوستان کو آزادی حاصل بھی نہ ہوئی تھی۔ کئی لوگ مارے گئے اور کئی دیگر نے (متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کیلئے) تحریک میں حصہ لیا تھا۔ واسوا نے اجتماع سے کہا کہ سپریم کورٹ کو ہمارے حق میں فیصلہ دینا ہی تھا کیونکہ مرکز میں بی جے پی حکومت ہے۔